جنوبی افریقہ کے سابق کپتان فف دو پلیسی نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے فف نے کہا کہ "میرا دل صاف ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ یہ ایک نئے دور میں داخل ہونے کا درست وقت ہے۔ اپنے ملک کے لیے ہر طرز کی کرکٹ کھیلنا میرے لیے فخر کی بات ہے لیکن اب ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا وقت آ چکا ہے۔ اگر کسی نے مجھے 15 سال پہلے کہا ہوتا کہ میں جنوبی افریقہ کے لیے 69 ٹیسٹ میچز کھیلوں گا اور ٹیم کا کپتان بھی بنوں گا، تو میں اس کا یقین نہ کرتا۔”
انہوں نے کہا کہ "ٹیسٹ کیریئر کے ہر نشیب و فراز نے مجھے ایک نیا حوصلہ دیا اور میں آج جس مقام پر ہوں، اس پر مجھے فخر ہے۔”
36 سالہ دو پلیسی نے 2012-13ء کے دورۂ آسٹریلیا میں اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا اور ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں 78 اور 110 رنز کی یادگار اننگز پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ ان کی اس شاندار بیٹنگ کی بدولت جنوبی افریقہ ایک انتہائی مشکل پچ پر آخری ساڑھے چار سیشن کھیل گیا اور ناممکن کو ممکن بناتے ہوئے شکست سے بچ گیا۔
فف نے بعد میں اپنے کیریئر میں کُل 10 سنچریاں اور 21 نصف سنچریاں بنائیں اور 40.02 کے اوسط کے ساتھ 4,163 رنز بنا کر ریٹائر ہوئے۔
وہ 2016ء میں اے بی ڈی ولیئرز کی جگہ ٹیسٹ کپتان بھی بنے اور 36 ٹیسٹ میچز میں جنوبی افریقہ کی قیادت کی، یہاں تک کہ فروری 2020ء میں انگلینڈ کے ہاتھوں ہوم سیریز میں 3-1 کی شکست کے بعد کپتانی چھوڑ دی۔
ان کی قیادت میں جنوبی افریقہ نے 18 کامیابیاں حاصل کیں اور 15 ٹیسٹ میچز میں شکست کھائی۔ لیکن زیادہ تر شکستیں ان کی کپتانی کے آخری دور کی ہیں۔ اپنے ابتدائی 27 ٹیسٹ میچز میں فف نے 17 فتوحات حاصل کی تھیں۔ البتہ اس کے بعد انگلینڈ کے خلاف سری لنکا کے خلاف بھی ہوم گراؤنڈ پر شکست کھائی۔
143 ون ڈے اور 50 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے والے دو پلیسی اِن دونوں طرز کی کرکٹ کھیلتے رہیں گے اور ان کا کہنا ہے کہ وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا حصہ بننا چاہتے ہیں کہ جو رواں سال اکتوبر و نومبر میں بھارت میں کھیلا جائے گا۔
واضح رہے کہ فف دو پلیسی اس وقت پاکستان سپر لیگ کھیلنے کے لیے پاکستان میں موجود ہیں، جہاں ابھی چند روز پہلے ہی جنوبی افریقہ نے ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی دونوں سیریز میں پاکستان سے شکست کھائی ہے۔