یہ 19 فروری 2006ء کا دن تھا جب روایتی حریف پاکستان اور بھارت انڈر 19 ورلڈ کپ کے فائنل میں مدمقابل تھے۔ اس بڑے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ لیکن ۔۔۔۔۔۔ 24 رنز پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد کوئی پاکستانی بیٹسمین جم کر نہ کھیل سکا اور پیوش چاؤلہ اور رویندر جدیجا کی باؤلنگ کے سامنے پاکستان صرف 109 رنز پر آل آؤٹ ہو گیا۔
اتنا بڑا مقابلہ اور اتنا کم اسکور؟ ایسا لگتا تھا کہ بھارت دوسری مرتبہ ورلڈ کپ جیت جائے گا لیکن وہ عجیب دن تھا۔ کسی نے تصور بھی نہ کیا ہوگا کہ اتنا لو اسکورنگ فائنل ہوگا۔
پاکستان نے انور علی، اختر ایوب اور جمشید احمد کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت بھارت کو 19 اوورز میں صرف 71 رنز پر ڈھیر کر دیا۔ بھارت کی ابتدائی چھ وکٹیں تو صرف 9 رنز پر ہی گر چکی تھیں کہ جن میں چیتشوَر پجارا اور روہت شرما بھی شامل تھے۔
انور علی نے صرف 35 رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ اختر ایوب نے تین اور جمشید احمد نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
#OnThisDay in 2006, @TheRealPCB beat India in a low-scoring final, becoming the first team to win back-to-back ICC U19 Cricket World Cup titles 🏆🏆
Sarfaraz Ahmed was Pakistan’s captain, and Rohit Sharma, Cheteshwar Pujara and Ravindra Jadeja all featured for India. pic.twitter.com/BBeDL7IUt0
— ICC (@ICC) February 19, 2021
یوں پاکستان مسلسل دو انڈر 19 ورلڈ کپ جیتنے والی دنیا کی پہلی انڈر 19 کرکٹ ٹیم بنا بلکہ ٹورنامنٹ میں آج تک کوئی ٹیم اپنے اعزاز کا کامیابی سے دفاع نہیں کر پائی۔
پاکستان ٹورنامنٹ کے آغاز پر گروپ ‘اے’ میں شامل تھا جہاں اسے ایک میچ میں بنگلہ دیش کے ہاتھوں شکست بھی ہوئی، لیکن وہ اپنے تین میں سے دو میچز جیت کے اگلے مرحلے میں پہنچ گیا جہاں اس نے کوارٹر فائنل میں زمبابوے کو ہرایا۔ پھر سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو صرف 124 رنز پر ڈھیر کیا اور 163 رنز کی بہت بڑی کامیابی حاصل کی اور پھر کچھ ایسا ہی کارنامہ بھارت کے خلاف فائنل میں بھی انجام دیا۔
وہ ایک یادگار انڈر 19 ورلڈ کپ تھا، جس میں کھیلنے والے کئی نوجوان کھلاڑی بعد میں بہت بڑے نام بنے۔ جیسا کہ پاکستان کے سرفراز احمد جو اس ٹیم کے کپتان تھے اور بعد میں قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت پر بھی پہنچے۔ ان کے علاوہ عماد وسیم، انور علی اور ناصر جمشید نے پاکستان کی نمائندگی کی جبکہ بھارت کے چیتشور پجارا، روت شرما اور رویندر جدیجا، آسٹریلیا کے آرون فنچ، عثمان خواجہ اور ڈیوڈ وارنر، بنگلہ دیش کے شکیب الحسن اور تمیم اقبال، انگلینڈ کے معین علی، نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل، ٹم ساؤتھی اور کولن منرو، جنوبی افریقہ کے ڈین ایلگر اور وین پارنیل، سری لنکا کے اینجلو میتھیوز اور تھیسارا پیریرا، ویسٹ انڈیز کے کیرون پولارڈ، سنیل نرائن اور زمبابوے کے شان ولیمز عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی بنے۔
انڈر 19 ورلڈ کپ 2006ء فائنل میں بھارتی اننگز کی جھلکیاں