وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کورونا ویکسین سے متعلق منفی خبریں پھیلنے کے حوالے سے عوام کو اعتماد میں لاتے ہوئے بتایا کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھی اپنے آپ کو ویکسین کے لیے رجسٹر کرلیا ہے، اس کے علاوہ میں نے بذاتِ خود بحیثیت ڈاکٹر اپنے آپ کو رجسٹر کروالیا ہے اور مجھے کوڈ بھی ارسال کردیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئےانہوں نے عالمی وبا کورونا ویکسین سے متعلق منفی خبریں شائع ہونے کے حوالے سے اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ میرے خاندان والوں نے اس بات پر زور دیا تھا کہ آپ بھی ویکسین لگوائیں لیکن چونکہ پہلے مرحلے میں فرنٹ لائن ہیلتھ کیئر وکرز شامل تھے، اس لیے مرتب کردہ پلان کے مطابق اب دوسرے مرحلے میں ضرور ویکسین لگاؤں گا جس میں تمام ڈاکٹرز، نرسز شامل ہیں۔
ڈاکٹر فیصل سلطان نے رجسٹریشن کا طریقہ واضح کرتے ہوئے بتایا کہ زیادہ تر لوگ اپنا نام لکھ کر ساتھ بھیج رہے ہیں۔ ویکسین لگانے والوں کو صرف شاختی کارڈ نمبر بغیر کسی سپیس کے ایس ایم ایس کے ذریعے بھیجنا ہے ورنہ رجسٹریشن نہیں ہوپائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ نادرا کے پاس 60 سے زائد عمر کے لوگوں کا تمام ڈیٹا بیس موجود ہے، لیکن رجسٹریشن کرانے کا مقصد یہ ہے کہ ہمیں معلوم ہوجائے کون ویکسین لگانے کے لیے رضامند ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 3 مارچ سے 60 سال سے زائد عمر کے افراد کو ویکسین لگانے کا مرحلہ شروع ہوجائے گا۔ 3 تاریخ کے بعد ہمارا سسٹم رجسٹرڈ کردہ لوگوں کو کوڈ بھیج دے گا جس سے آئندہ نادرا کے پاس بھی اس کا ریکارڈ جمع ہوجائے گا۔