سابق وزیر اعظم اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین سے کوئی رابطہ نہیں ہوا، وہ میرے عزیز ہیں، کہنے کی ضرورت نہیں، ماضی کی بات چھوڑیں اب حال اور مستقبل کو دیکھیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے مجھے سینیٹ ٹکٹ دیا جس پر میں پی ڈی ایم کی ترجمانی کروں گا۔ مجھے پہلے بھی متفقہ وزیر اعظم منتخب کیا گیا تھا اور مجھ پر اعتماد کرنے کے لیے پی ڈی ایم کی تمام جماعتوں کا مشکور ہوں۔
یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے تمام قائدین کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اس حوالے سے میرا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ مجھے حزب اختلاف کے 42 اراکین نے تعلقات کی بنیاد پر ووٹ دیے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے تمام اکابرین کے پاس فرداً فرداً جاؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی پاکستان مسلم لیگ ن نے مجھے ووٹ دے کر وزیراعظم بنایا تھا اور اب بھی ن لیگ حمایت کررہی ہے۔ مجھے اس وقت بھی تعلقات کی بنیاد پر ووٹ پڑے اور اب بھی اسی پرفارمنس پر ووٹ ملیں گے۔ آج وزیر اعظم عمران خان وفاقی وزراء سمیت ایم این ایز اور ایم پی ایز سے مل رہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ جہانگیر ترین میرے عزیز ہیں، نہ رابطہ ہوا نہ ہی ملاقات ہوئی، انہیں کچھ کہنے کی ضرورت نہیں پڑنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ممبران پارلیمنٹ کی عزت میری درخواست کی وجہ سے بڑھ گئی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے یوسف رضا گیلانی کی بھرپور حمایت کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ اپنے ایک پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ تمام لیگی رہنما سینیٹ انتخابات میں پیپلز پارٹی رہنما یوسف رضا گیلانی کو ہی ووٹ دیں۔