الیکشن ٹریبونل نے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار فیصل واوڈا کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کے خلاف پیپلز پارٹی کی اپیل مسترد کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما کو سینیٹ انتخابات کے لیے اہل قرار دے دیا۔ الیکشن ٹریبونل نے فیصل واوڈا کے خلاف پیپلز پارٹی کے قادر خان مندوخیل کی اپیل خارج کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔
آج الیکشن ٹریبونل میں فیصل واوڈا کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ فیصل واوڈا نے حقائق نہیں چھپائے۔ انہوں نے امریکی شہریت چھوڑ دی تھی، کاغذات پر اعتراضات خلاف قانون ہے لہٰذا قادر خان مندوخیل کی اپیل مسترد کی جائے۔ الیکشن ٹریبونل نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ فیصل واوڈا کے خلاف اعتراض کرنے والے دلائل کے ذریعے دہری شہریت پر مطمئن نہ کرسکے۔ جس کے بعد فیصل واوڈا اب سینیٹ انتخابات میں حصہ لے سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ پی ٹی آئی کی پارلیمانی بورڈ نے سندھ میں فیصل واوڈا سے متعلق کارکنان کے اعتراضات مسترد کرتے ہوئے فیصل واوڈا کو دیا گیا ٹکٹ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔اس سے قبل رکن قومی اسمبلی فیصل واوڈا کو سینیٹ کا ٹکٹ دینے پر حزب اختلاف جماعتوں کی جانب سے تنقید بھی کی گئی تھی۔ اس کی بنیادی وجہ ان پر الیکشن کمیشن آف پاکستان میں گزشتہ ڈھائی برسوں سے دوہری شہریت سے متعلق نااہلی کا زیر سماعت کیس ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ تحریک انصاف سینٹرل سندھ ریجن کے عہدیداروں نے سینیٹ کے ٹکٹ کے معاملے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا۔