پاکستان مسلم لیگ ن رہنما اور قائد حزب اختلاف پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف میں اپنے ہی اراکین کی طرف سے آوازیں اٹھ رہی ہیں۔ ہر صوبے سے پی ٹی آئی اراکین کو ٹکٹوں کی تقسیم پر تحفظات ہیں۔ ہماری پوری کوشش ہے جتنی سیٹیں درکار ہیں، اتنی ملیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ امید ہے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کو سینیٹ انتخابات میں فتح ہوگی۔ یوسف رضا گیلانی اچھی شہرت کے مالک ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مجھے رہائی پر مبارکباد دی ہے۔ غیر ملکی فنڈنگ کیس سرد خانے میں پڑا ہے، اراکین اسمبلی جیلوں میں ہیں، ہر صوبے سے پی ٹی آئی اراکین کو تحفظات ہیں۔ ہر صوبے سے آوازیں آرہی ہیں کہ پی ٹی آئی نے ٹکٹیں صحیح نہیں بانٹیں، سپریم کورٹ میں ریفرنس حکومت کی بوکھلاہٹ تھی۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ احتساب کا نعرہ بلند کرنے والے بی آر ٹی کیس کے پیچھے چھپتے ہیں۔ آٹا، چینی اسکینڈل سب کے سامنے ہے، لوگوں کو دو وقت کی روٹی نہیں مل رہی۔ معیشت آج زمین بوس ہوچکی ہے، لوگوں کو ابھی تک حکومت کی کورونا ویکسین پالیسی کا نہیں پتا چلا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے دور میں دوائیں مفت ملتی تھیں۔ بے روزگاری آسمان کو چھو رہی ہے، منہگائی نے زندگی اجیرن کردی ہے۔ حکومت کہہ رہی تھی ایکسپورٹ بڑھ رہی ہے، اسٹیٹ بینک نے کہا کم ہورہی ہے، آنے والے دنوں میں پانی کی بھی قلت ہوگی۔
دوسری طرف مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز پیپلز پارٹی کے عشائیے میں شرکت کے لیے اسلام آباد روانہ ہوں گے، جبکہ نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز کی اسلام آباد روانگی ملتوی ہوگئی ہے جس کی وجہ سے وہ پیپلز پارٹی عشائیہ میں شرکت نہیں کریں گے۔ خیال رہے کہ حمزہ شہباز پہلی بار پی ڈی ایم کی کسی بڑی غیر رسمی بیٹھک میں شریک ہوں گے اور پی ڈی ایم امیدوار کی کامیابی کے لیے پارٹی ارکان سے ملاقاتیں کریں گے۔