چین میں ایک شادی ایک حیرت انگیز اور ناقابلِ یقین واقعے میں بدل گئی، جب دلہے کی ماں کو پتہ چلا کہ اس کی ہونے والی بہو دراصل اس کی سگی بیٹی ہے جو عرصہ پہلے گم ہو گئی تھی۔
یہ انوکھا واقعہ صوبہ جیانگسو کے شہر سوچو میں پیش آیا کہ جہاں تقریب کے دوران دلہے کی ماں نے دلہن کے ہاتھ پر ایسا پیدائشی نشان دیکھا، جس سے وہ اچھی طرح آگاہ تھی کیونکہ یہی نشان اس کی گمشدہ بیٹی کے ہاتھ پر تھا۔
اس نے لڑکی کے والدین سے استفسار کیا کہ کہیں انہوں نے اس لڑکی کو گود تو نہیں لیا تھا؟ اس سوال پر دلہن کے والدین حیران رہ گئے کیونکہ انہیں نے زندگی میں کبھی کسی کو یہ نہیں بتایا تھا۔ بالآخر اصرار پر انہوں نے تسلیم کیا کہ یہ لڑکی انہیں 20 سال پہلے سڑک کنارے سے ملی تھی اور انہوں نے اسے بیٹیوں کی طرح پالا۔
اس کے بعد دلہن اپنی ماں سے گلے لگ کر رو پڑی اور تقریب میں بہت جذباتی مناظر دیکھنے کو ملے۔
لیکن ذرا ٹھیریے! کہیں اس کا مطلب یہ تو نہیں کہ دلہا دراصل دلہن کا بھائی تھا؟ یہی سوال دلہن نے اس موقع پر اپنی اصل ماں سے کیا تو انہوں نے بتایا کہ بیٹی ملنے کی تمام تر امیدیں ختم ہو جانے کے بعد انہوں نے ایک بچہ گود لیا تھا۔ یہ ان کا لے پالک بیٹا ہے، اصل نہیں۔
یعنی دلہا اور دلہن کا آپس میں کوئی خونی رشتہ نہیں ہے۔ اس کے بعد دونوں کی شادی بڑی دھوم دھام سے ہوئی اور تقریب میں شریک مہمان بھی حیرت زدہ رہ گئے کہ جو کچھ دیر پہلے بیٹا تھا وہ داماد ہو گیا، جو بہو تھی وہ بیٹی بن گئی!