پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ میں مسلم لیگ ن شیر کے نشان پر انتخاب لڑ رہا ہوں، مجھے امید ہے کہ ن لیگ حلقے میں جیتے گی، این اے 249 پر اے این پی کی حمایت کا مشکور ہوں، کہا کہ کول پلانٹ نواز شریف نے لگائے، موٹروے نواز شریف نے بنائی۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگوں نے ہمیشہ جھوٹ ہی بولا ہے، وفاقی وزیر اسد عمر کو میرے حوالے سے بیان دینے سے پہلے سوچنا چاہیے تھا۔ وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان کی معیشت تباہ کردی ہے، عوام کے پاس اے ٹی ایم نہیں، وزیراعظم کے پاس اے ٹی ایم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان میں کسی نے کول کے پلانٹ لگائے ہیں تو نواز شریف نے لگائے۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ اے این پی کا مسلم لیگ ن کے امیدوار کے حق میں دستبردار ہونے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ ن لیگ کا امیدوار ہوں لیکن اے این پی کے ساتھ مل کر حلقے میں کام کرائیں گے۔ اے این پی کی حمایت سے ہماری امیدوں میں جان پڑ جائے گی۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے حمایت سے متعلق کہا تھا کہ پارٹی سے مشورہ کرکے بتائیں گے، جواب نہیں آیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی وڈیو سے متعلق لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ویڈیو ایک ماہ پرانی ہے۔ ایک شخص نے نواز شریف کو چور کہا جس پر میں نے ردعمل دیا، دوسری مرتبہ انہوں نے نواز شریف کو چور کہا تو میں نے کہا آپ خود چور ہیں، یہ رویہ ٹھیک نہیں تھا۔ بہرحال مجھے گالی نہیں دینی چاہیے تھی، یہ میری غلطی تھی۔ وہ نواز شریف کو چور کہہ رہے تھے، میں نے کہا نواز شریف کو چور مت کہیں۔
دوسری طرف عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے سندھ کے این اے 249 انتخاب میں ن لیگ کے امیدوار مفتاح اسماعیل کی حمایت کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس حوالے سے اے این پی رہنما یونس بونیری نے کہا ہے کہ مفتاح اسماعیل اب ن لیگ اور اے این پی کے مشترکہ امیدوار ہیں۔ مفتاح اسماعیل کی حمایت کا پی ڈی ایم سے اے این پی کی علیحدگی کے فیصلے سے کوئی تعلق نہیں۔