بھوٹان نے اعلان کیا ہے کہ اس نے اپنی 60 فیصد آبادی کو کووِڈ-19 ویکسین کا پہلا ٹیکا لگا دیا ہے، حالانکہ اس کی ویکسینیشن مہم صرف 9 دن پہلے شروع ہوئی تھی۔
بھارت اور چین کے درمیان واقع اس چھوٹی سی ہمالیائی ریاست کی آبادی 7 لاکھ 70 ہزار ہے، جن میں سے 4 لاکھ 70 ہزار افراد کو ایسٹرازینیکا-آکسفرڈ ویکسین کا پہلا ٹیکا لگا دیا گیا ہے۔ یہ ویکسین بھارت کی جانب سے عطیہ کی گئی تھی۔
یوں بھوٹان 60 فیصد آبادی کو ویکسین لگا کر دنیا کے کئی ترقی یافتہ ممالک سے بھی آگے نکل گیا ہے۔
بھوٹان نے 27 مارچ کو ویکسینیشن مہم کا آغاز کیا تھا تو اس کا ہدف ایک ہفتے میں 5,33,000 بالغان کو ویکسین کا پہلا ٹیکا لگانا تھا۔ ان میں حاملہ خواتین، حال ہی میں ماں بننے والی، صحت کے چند مخصوص مسائل رکھنے والے افراد اور انتہائی بیمار مریض شامل نہیں تھے۔ لیکن بعد میں اس ڈیڈلائن کو بڑھا دیا گیا۔
وزارتِ صحت کی ایک ترجمان کے مطابق صحت کے شعبے سے وابستہ افراد کی توجہ 70 سال سے زیادہ عمر کے اور معذوروں کو ویکسین لگانے پر ہے۔
ملک میں اب تک کووڈ-19 کے 896 مریض سامنے آ چکے ہیں اور کرونا وائرس سے صرف ایک موت کی تصدیق ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ فی کس سب سے زیادہ ویکسینز لگانے کے حوالے سے اسرائیل سب سے آگے ہے، جو اب تک اپنی نصف سے زیادہ آبادی کو فائزر-بایو این ٹیک کی تیار کردہ ویکسین کا پہلا ٹیکا لگا چکا ہے۔