یہ تقریباً دو ہفتے پرانی وڈیو ہے جو اِس وقت سوشل میڈيا پر وائرل ہو رہی ہے، لیکن کیوں؟ دراصل اس کلپ میں امریکی سینیٹر برنی سینڈرز اس سوال کا جواب دے رہے ہیں کہ صدارتی انتخابات میں کامیابی کون حاصل کرے گا؟ انہوں نے جس صورت حال کی پیشن گوئی کی، ہو بہو اب وہی ہو رہا ہے۔
یہ 23 اکتوبر کو نشر ہونے والا پروگرام "ٹُونائٹ شو اسٹارنگ جمی فالن” تھا جس میں برنی سینڈرز نے میزبان جمی فالن نے یہ سوال کیا تھا۔ جواب میں سینڈرز نے کہا تھا کہ "میرے خیال میں ہوگا یہ کہ پنسلوینیا، مشیگن، وسکونسن اور دوسری ریاستوں میں جہاں ووٹوں کی بڑی تعداد ڈاک کے ذریعے آئے گی۔ فلوریڈا یا ورمونٹ جیسی ریاستوں کے مقابلے میں وہاں انتخابات کے دن ان ووٹوں کی گنتی شروع نہیں ہو پائے گی، جس کی چند وجوہات ہیں۔ بہرحال، اس صورت حال کا مطلب یہ ہے کہ لاکھوں ووٹوں کی گنتی باقی ہوگی۔”
So… Bernie Sanders is a wizard then?
He predicted It all! pic.twitter.com/a89eRLbaEV— Femi (@Femi_Sorry) November 4, 2020
حقیقت یہی ہے کہ انتخابات کو گزرے تیسرا دن ہے اور اِس وقت بھی پنسلوینیا میں ڈاک کے ذریعے آنے والے ووٹوں کی گنتی چل رہی ہے۔
بہرحال، سینڈرز نے اپنی گفتگو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ "اب عین ممکن ہے کہ انتخابات والے ہی دن ہی رات 10 یہ حال ہو کہ ٹرمپ مشیگن سے جیت رہے ہوں، پنسلوینیا میں آگے ہوں، وسکونسن سے کامیابی حاصل کر رہے ہوں۔ پھر اچانک وہ ٹیلی وژن پر نمودار ہوں اور کہیں مجھے ایک مرتبہ پھر منتخب کرنے کا بہت شکریہ، کہانی ختم پیسہ ہضم!”
اس پیشن گوئی کےعین مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کی رات ہی ایک نیوز کانفرنس میں یہی دعویٰ کیا تھا کہ وہ انتخابات جیت چکے ہیں۔
سینڈرز نے پیشن گوئی کی کہ "اگلے روز جب ڈاک سے آنے والے ووٹوں کی گنتی شروع ہوگی، تو ممکن ہے کہ بائیڈن ان ریاستوں میں کامیابی حاصل کر لیں۔ تب ٹرمپ کہیں گے کہ دیکھا؟ میں نے کہا تھا ناں کہ یہ پورا چکر ہی فراڈ ہے۔ میں نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ ڈاک سے آنے والے ووٹوں سے دھاندلی کی جائے گی۔”
بالکل سینڈرز کے کہے کے عین مطابق بائیڈن واقعی مشیگن اور وسکونسن سے جیتے اور ٹرمپ نے اعلان کیا کہ وہ پنسلوینیا میں گنتی رکوانے کے لیے عدالت کا رخ کریں گے۔
سینڈرز نے اپنی بات ختم کرتے ہوئے کہا تھا کہ "یہ پورا معاملہ پریشان کُن ہے، میرے لیے اور دوسرے کئي لوگوں کے لیے بھی۔”
ٹوئٹر پر کئی صارفین نے اس وڈيو پر حیرت کا اظہار کیا ہے اور سینڈرز کو ‘جادوگر’ قرار دیا ہے۔