تجزیہ کار ڈاکٹر شاہد مسعود نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی 52 رکنی ٹیم کے کچھ عہدیداران نے اسرائیل کے شہر تل ابیب کا خفیہ دورہ کیا ہے۔
گزشتہ روز نجی ٹی وی چینل جی این این نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر شاہد مسعود کی جانب سے موجودہ صورتحال کی مناسبت سے ایک بڑا دعویٰ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے لیے یہ بات جاننا ضروری ہے کہ ان کی 52 ارکان کی ٹیم کے منتخب اور غیر منتخب اراکین کہاں کہاں جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم فوری طور پر پتا لگائیں کہ حالیہ دنوں میں ان کی ٹیم کے کچھ عہدیداروں نے اسرائیل کا دورہ کیا ہے یا نہیں؟
شاہد مسعود کا کہنا تھا کہ مجھے معلوم ہے یقیناً وزیراعظم عمران خان کے علم میں یہ معلومات نہیں ہوں گی۔ انہوں نے عمران خان سے کہا کہ اس معاملے پر خود تحقیقات کریں تو زیادہ بہتر ہے۔ ذرائع کے مطابق ایک حکومتی وی وی آئی پی طیارہ حال ہی میں دو دن تک عمان، اردن میں کھڑا رہا اور سعودی عرب میں اہم ملاقات کے بعد پاکستان واپس روانہ ہوا۔
سینئر صحافی اور اینکر پرسن عاصمہ شیرازی نے ویڈیو کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ڈاکٹر صاحب بتا رہے ہیں کہ خان صاحب کی ٹیم سے چند نے تل ابیب کا دورہ کیا ہے۔
Wow this is some thing big:) ڈاکٹر صاحب بتا رہے ہیں کہ خان صاحب کی ٹیم سے چند نے تل ابیب کا دورہ کیا ہے ۔۔۔ https://t.co/SrpdpoFTDp
— Asma Shirazi (@asmashirazi) December 2, 2020
واضح رہے کہ وزیر اعظم سمیت دیگر حکومتی نمایندوں کی جانب سے کئی دفعہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کے حوالے سے واضح موقف اپنایا گیا ہے۔ وزارتِ خارجہ نے بھی اس سلسلے میں وضاحت کردی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے حالیہ انٹرویوز میں کہا کہ اسرائیل سے متعلق پاکستان کا موقف وہی ہے جو قائد اعظم محمد علی جناح کا تھا۔ جب تک اسرائیل فلسطین کے معصوم شہریوں پر ظلم و بربریت روک نہیں دیتا اسے تسلیم کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوسکتا۔