پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ لاہور میں ہونے والے پی ڈی ایم جلسے میں مینار پاکستان کا گراؤنڈ ہی نہیں بلکہ شہر کی سڑکیں بھی بھری ہوں گی۔ ابھی ہم اسلام آباد کے رستے میں ہوں گے کہ حکومت چلی جائے گی۔
لاہور میں دیگر پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 13 دسمبر کے لاہور جلسے میں عوام اپنی رائے کا بھرپور اظہار کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ لاہور کے مینار پاکستان گراؤنڈ کے جلسے کے دوران اگر کوئی تصادم اور حادثہ ہوا تو تمام تر ذمہ داریاں حکومت پر ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا مطالبہ صرف اور صرف آئین اور قانون کے مطابق ہے۔ اسی آئین اور قانون کے مطابق ہمیں جمہوریت میں پرامن احتجاج کا حق حاصل ہے۔
پی ڈی ایم کے حالیہ ملتان جلسے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملتان میں ہمارے کارکنوں کو گرفتار کر کے ظلم و تشدد کیا گیا۔ حیرت کی بات یہ تھی کہ جب عوام سڑکوں پر آئی تو نہ حکومت نظر آئی نہ ہی کوئی پولیس اہلکار اور کانسٹیبل سڑک پر نظر آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ ملتان جلسے کی صورتحال دیکھنے کے بعد وفاقی حکومت ہوش کے ناخن لے گی۔
دوسری طرف جمیعت علمائے اسلام کے جنرل سیکرٹری عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ جب حکومت سیاسی میدان میں ہمارے مقابل آئے گی تو انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر پی ڈی ایم قیادت نے فیصلہ کیا تو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی جلسہ کرٰیں گے۔ کسی میں اتنی ہمت نہیں ہے کہ لاہور کے پی ڈی ایم جلسے کو روک سکے۔ مولانا فضل الرحمان کے بقول اگر ڈنڈے کا استعمال کیا گیا تو جواب بھی ڈنڈے سے ہی دیں گے۔