ایک انگوٹھی میں کتنے ہیرے لگ سکتے ہیں؟ اس سوال کا جواب نئی گنیز ورلڈ ریکارڈز میں ہے، اور وہ ہے 12,638۔
یہ بھارت کے شہر میرٹھ کے رینانی جیولرز کے بانی ہرشت بنسال ہیں، جنہوں نے اس خوبصورت انگوٹھی کے ساتھ یہ عالمی ریکارڈ توڑا ہے۔
‘میری گولڈ’ نامی اس انگوٹھی کو ایک پھول کی شکل میں بنایا گیا ہے، جس میں 38.08 قیراط وزن کے قدرتی ہیرے لگے ہوئے ہیں۔ اس کا وزن 165 گرامز سے زیادہ ہے۔
اس سے پہلے ایک انگوٹھی میں سب سے زیادہ ہیروں کا ریکارڈ بھی بھارت ہی کے پاس تھا، جب حیدرآباد شہر کے زیورات ساز ‘ہال مارک جیولرز’ نے ایسی انگوٹھی بنائی تھی، جس میں 7,801 ہیرے جڑے ہوئے تھے۔
بنسال نے گنیز ورلڈ ریکارڈز کو بتایا کہ انہوں نے پہلی بار 2018ء میں اس ریکارڈ کو توڑنے کے بارے میں سوچا، جب وہ سورت میں جیولری ڈیزائن کی تعلیم حاصل کر رہے تھے۔
دو سال بعد ان کی کمپنی نے 30 نومبر 2020ء کو یہ ڈیزائن مکمل کیا، جو اب گنیز ورلڈ ریکارڈز کا حصہ ہے۔