جنوبی افریقہ نے دورۂ پاکستان کے لیے 21 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔
پاک-جنوبی افریقہ ٹیسٹ سیریز 26 جنوری سے کراچی میں شروع ہوگی کہ جس میں دو ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔ جس کے بعد دونوں ٹیمیں لاہور میں تین ٹی ٹوئنٹی مقابلے بھی کھیلیں گی، جس کے لیے ٹیم کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
ٹیسٹ اسکواڈ میں دو کھلاڑی ایسے ہیں جو پہلے کبھی ٹیسٹ کرکٹ نہیں کھیلے، فاسٹ باؤلرز ڈیرن ڈپاویلن اور اوٹنیل بارٹمان۔ یہ دونوں گلینٹن اسٹورمان اور میگائل پریٹیوریس کی جگہ لیں گے، جو سری لنکا کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز میں شریک تھے لیکن اب زخمی ہونے کی وجہ سے باہر ہو چکے ہیں۔
اہم فاسٹ باؤلر کاگیسو رباڈا ایک مرتبہ پھر ٹیم میں واپس آ گئے ہیں، جو زخمی ہونے کی وجہ سے سری لنکا کے خلاف نہیں کھیلے تھے۔ ان کے ساتھ ساتھ جارج لِنڈے اور تبریز شمسی کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
کرکٹ ساؤتھ افریقہ کے سلیکشن کنوینر وکٹر امپتسانگ کا کہنا ہے کہ پاکستان کی کنڈیشنز جنوبی افریقی ٹیم کے لیے ویسے تو اجنبی ہیں، لیکن ہم باؤلنگ اٹیک کو بہتر بنانا چاہتے ہیں۔
جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم 15 جنوری کو ایک کمرشل فلائٹ کے ذریعے پاکستان روانہ ہوگی، جہاں وہ کراچی میں قرنطینہ میں کچھ وقت گزارنے کے بعد تربیت کا آغاز کرے گا۔
جنوبی افریقہ نے آخری بار 2007-08ء میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ البتہ کپتان فف دو پلیسی 2017ء میں اس ورلڈ الیون کے قائد تھے کہ جس کے ساتھ کئی مشہور کھلاڑی پہلی بار پاکستان آئے تھے۔
ویسے ہیڈ کوچ مارک باؤچر کھلاڑی کی حیثیت سے پاکستان کے تین دورے کر چکے ہیں، جن میں سے دو میں جنوبی افریقہ نے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ ایک میں شکست کھائی تھی۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کے عظیم بیٹسمین اے بی ڈی ولیئرز نے 2018ء اور ہاشم آملا نے 2019ء میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا۔
اعلان کردہ ٹیسٹ اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:
کوئنٹن ڈی کوک (کپتان)، تمبا باووما، آئیڈن مرکرم، فف دو پلیسی، ڈین ایلگر، کاگیسو رباڈا، ڈیوین پریٹیوریس، کیشو مہاراج، لنگی انگیڈی، ریسی وین دیر ڈوسن، انریک نورتیے، ویان مولدر، لوتھو سمپالا، بیورن ہینڈرکس، کائل ویرین، سیریل اروی، کیگان پیٹرسن، تبریز شمسی، جارج لِنڈے، ڈیریل ڈپاویلن اور اوٹنیل بارٹمان۔