وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کابینہ اجلاس میں اسامہ ستی قتل کیس کی تحقیقات سے متعلق تعاون کی ہدایت دے دی گئی، لواحقین ہائیکورٹ سے انکوائری کرانا چاہتے ہیں تو تعاون کریں۔
وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت آج بروز منگل وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں موجود حکومتی نمائندوں کو عالمی وبا کورونا صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ علاوہ ازیں ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال کو بھی زیر غور لایا گیا۔ دوران اجلاس شہری صفیان سعید کے بیٹے کے اغواء سے متعلق فیڈریشن آف پاکستان کے خلاف رٹ پٹیشن پر بریفنگ دی گئی۔ اقتصادی اُمور ڈویژن کا غیرملکی فنڈز سے متعلق تفصیلات کا معاملہ مؤخر کردیا گیا۔
کابینہ اجلاس میں وفاقی کابینہ کے 4 فروری 1997 کے فیصلے پر نظرثانی اور ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل لاہور کے پولیس اسٹیشن کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے نیشنل کونسل فور طب کے انتخابات اور ایڈمنسٹریٹر کی منظوری بھی دی۔ اجلاس میں لیگل ایڈ اینڈ جسٹس اتھارٹی کے ڈی جی کی تعیناتی، پاکستان کونسل آف سائنس کے بورڈ آف گورنرز کی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ ادارہ جاتی اصلاحات کے فیصلوں کی توثیق کردی گئی جبکہ ای سی سی اور کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے فیصلوں کی توثیق ہوگی۔
اجلاس میں ہائیڈرو کاربن انسٹیٹیوٹ کے ڈی جی کی پوسٹ کے لیے اضافی چارج کی منظوری دی گئی۔ پاکستان کونسل فار سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے بورڈ آف گورنرز کی تعیناتی کی منظوری ہوئی۔ پی ایس 52 عمر کوٹ میں ضمنی الیکشن کے لئے رینجرز تعینات کرنے کا بھی حکم دیا گیا۔