جمیعت علمائے اسلام (جے یو آئی) اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت کے دہشت گردی ختم کرنے کے دعوؤں میں کوئی حقیقت نہیں۔
کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لوگ پی ڈی ایم جلسوں میں بڑی تعداد میں شرکت کررہے ہیں۔ دھاندلی زدہ حکومت اب جلد چلی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ مشکلات ضرور ہیں لیکن ہماری جدوجہد جاری ہے اور ہم کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک پی ڈی ایم جلسوں میں عوام کی شرکت بے مثال رہی ہے۔ کل بھی لورالائی میں پی ڈی ایم کا بڑا اجتماع ہوگا۔ پی ڈی ایم کے اب تک پورے ملک میں ریلیاں اور جلسے تاریخی ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ دھاندلی زدہ حکومت ہے، اس حکومت کو استعفیٰ دینا پڑے گا۔ یہ ایک چوری شدہ مینڈیٹ ہے اور ہم اس کو تسلیم نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ قوم کی نالائق حکومت سے جلد جان چھوٹ جائے۔ جمیعت علمائے اسلام کے اندرونی اختلاف کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ایسے معاملات پر میں نوٹس نہیں لیتا، انہوں نے کہا کہ موج ہے دریا میں اور بیرونی دریا کچھ نہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اب تک جو دعوے کیے جاتے رہے دہشت گردی ختم کردی گئی ہے، اس کے باوجود سانحہ مچھ جیسا افسوسناک واقعہ پیش آتا ہے۔ اس کے علاوہ ہمارے خیبرپختونخوا میں روز ٹارگٹ کلنگ ہو رہی ہے، جگہ جگہ لوگ شہید ہورہے ہیں۔ اس سب کے بعد بھی ایسے دعوے فضول ہیں، یا تو وہ اپنے دعوے واپس لیں یا اس طرح سے قوم کو دھوکا نہ دیں۔