وفاقی حکومت ک جانب سے 4 بڑے ہسپتالوں کو وفاق میں شامل کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا ہے، ان ہسپتالوں میں 3 کراچی اور ایک لاہور میں موجود ہے۔
یہ نوٹیفیکیشن وزارت صحت کی طرف سے جاری کیا گیا جس میں لاہور کے شیخ زائد پوسٹ گریجیوئٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ، کراچی میں موجود جناح پوسٹ گریجوئٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی)، نیشنل انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکولر ڈیزیز (این آئی سی وی ڈی) اور نیشنل انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ شامل ہیں۔ اس سے قبل کراچی اور لاہور کے ہسپتال اٹھارویں ترمیم کے تحت صوبائی حکومت کے ماتحت تھے۔
سندھ حکومت کی طرف سے کہا گیا کہ وفاق کا یہ فیصلہ اٹھارویں ترمیم کی خلاف ورزی ہے جس سے وفاقی حکومت صوبے کے تمام تر اختیارات چھین سکے۔ سندھ حکومت نے بتایا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد سے صوبے میں موجود تمام ہسپتال یا ہلتھ سیکٹر صوباائی حکومت کی زیر نگرانی ہیں۔
سندھ گورنمنٹ کے نمائندوں نے کہا کہ کئی دفعہ کراچی کے 3 بڑے ہسپتالوں کا بجٹ بڑھایا گیا۔ جس کا مقصد ان ہسپتالوں میں ہیلتھ کیئر سسٹم کی بنیادی سہولیات کو مزید بہتر کرنا تھا۔ کراچی کے جے پی ایم سی اور این آئی سی وی ڈی جیسے بڑے ہسپتالوں میں صوبائی حکومت کے حکم پر کئی مثبت تبدیلیاں دیکھنے میں آئیں جس میں فری ہیلتھ کیئر سروسز اس بات کی دلیل ہے۔
واضح رہے کہ 2011 سے 2012 تک کراچی کے این آئی سی وی ڈی کا بجٹ 335 ملین رہا جو 2018 میں صوبائی حکومت کی سرپرستی میں آنے کے بعد 8۔8 بلین تک جا پہنچا۔ سندھ حکومت کے مطابق کراچی کے 4 بڑے ہسپتالوں کی سرپرستی صوبائی حکومت کے پاس رہنی چاہیئے تاکہ مزید ہیلتھ کیئر سروسز کے ذریعے عوام کی خدمت کی جاسکے۔