وفاقی وزیر بریگیڈیر (ر) اعجاز شاہ کا کہنا ہے کہ میں پیپلز پارٹی کا حامی نہیں، لیکن سچ کا اعتراف کرتا ہوں، سڑکوں پر آکر کسی کو کہنا کہ حکومت گرائیں، یہ سیاسی سوچ نہیں۔
لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر انسدادِ منشیات نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا دھرنا سابقہ حکومت کی تبدیلی کے لیے نہیں تھا۔ وہ الیکشن میں دھاندلی سے متعلق تحقیقات چاہ رہے تھے۔ دھرنے کا مقصد فقط چار حلقے کھلوانا تھا، جب چار حلقے کھل جاتے تو پتا چل جاتا۔ جو بعد میں کھل بھی گئے اور پتا چل گیا کہ دھاندلی ہوئی یا نہیں ہوئی۔
اعجاز شاہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سوچ ہمیشہ سیاسی رہی ہے حالانکہ میں ان کا رکن نہیں لیکن میں اس بات کا اعتراف کرتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ اِن ہاؤس تبدیلی ایک سیاسی تبدیلی ہے، اگر وہ کرنا چاہتی ہے تو کریں۔ سڑکوں پر آکر کسی حکومت کو ختم کرنا، کسی ادارے کو کہنا کہ اسے ختم کرے، یہ حکومت کی تبدیلی کا کوئی سیاسی طریقہ نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو پاکستان پیپلز پارٹی ہے، اگر وہ اتنے ووٹ لے سکتی ہے جو کہ ممکن ہے اور ہوتا رہا ہے وہ آکر تحریک عدم اعتماد لائیں۔ لیکن سیاسی تبدیلی ہونی چاہیے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ معاشرے سے منشیات کے خاتمے کے لیے لوگوں کو بھی کردار ادا کرنا ہوگا۔